ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل میں زبردست بارش؛ ریڈ الرٹ کے ساتھ منگل کو بھی تمام ساحلی کرناٹکا کے اسکولوں میں چھٹی کا اعلان

بھٹکل میں زبردست بارش؛ ریڈ الرٹ کے ساتھ منگل کو بھی تمام ساحلی کرناٹکا کے اسکولوں میں چھٹی کا اعلان

Mon, 15 Jul 2024 20:03:53    S.O. News Service

بھٹکل 15/جولائی (ایس او نیوز)  بھٹکل میں اتوارکے بعد آج  پیر کو بھی زبردست بارش  کا سلسلہ جاری ہے جس سے عام زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی ہے۔  محکمہ موسمیات  کی جانب سے    ریڈ الرٹ کی پیشن گوئی کو دیکھتے ہوئے   آج بھٹکل سمیت ضلع اُترکنڑا، اُڈپی اور دکشن کنڑا میں  تمام اسکولوں اور پی یو کالجوں میں چھٹی کا اعلان کیا گیا تھا،  بارش کی تیزی کو دیکھتے ہوئے اب کل منگل  16 جولائی کو بھی تمام ساحلی اضلاع کے ساتھ کورگ اور شموگہ  میں بھی اسکولوں اور پی یو کالجوں میں چھٹی کا اعلان کیا گیا ہے۔

ضلع اُترکنڑا کی ڈپٹی کمشنر محترمہ لکشمی پریا کی طرف سے جاری کی گئی پریس ریلیز کے  مطابق  ضلع کے ہلیال اور منڈگوڈ کو چھوڑ کر  دیگر تمام 10 تعلقہ جات میں  کل منگل کو بھی بھاری بارش کے امکانات کو دیکھتے ہوئے   احتیاطاً  اسکولوں اور پی یو کالجوں میں چھٹی ڈکلیر کی گئی ہے۔

بھٹکل میں پیر کو ہوئی بارش سے دو مکانوں کو نقصان پہنچا ہے، جبکہ  ضلع اُترکنڑا کے مختلف علاقوں میں پہاڑی کھسکنے اور پتھر کھسک کر  سڑک کنارے اور گھر پر گرنے کی وارداتیں ہوئی ہیں۔ کاروار سے ملی اطلاع کے مطابق ہبّو واڑا میں  ایک مکان پرپہاڑی سے  کھسکتے ہوئے چٹان کا ٹکڑا گرنے کی خبر ہے جس کے نتیجے میں ونود اُلویکر نامی شخص کے مکان کی دیوار کو نقصان پہنچا ہے۔ ایک مکان پر چٹان گرنے کے بعد آس پاس کے مکین  بھی  تشویش میں مبتلا ہیں کیونکہ شدید بارش کا سلسلہ اتوار شام کو بھی جاری ہے۔ اُدھر ہوناور ۔بینگلور ہائی وے پر ایک چٹان کھسک کر  سڑک کنارے آکر رُک گئی ہے، البتہ  شدید بارش کو دیکھتے ہوئے   پہاڑی کے اطراف سے گذرنے کے دوران نہایت چوکس اور احتیاط کے ساتھ ڈرائیونگ کرنے کی ضرورت پر زور دیا جارہا ہے۔

یاد رہے کہ کیرالہ سے لے کر  گجرات تک تمام ساحلی علاقوں میں پیر اور منگل کو زبردست بارش ہونے کی پیشن گوئی کی گئی تھی اور محکمہ موسمیات نے پورے ساحلی علاقہ میں ریڈ الرٹ جاری کیا تھا، اِس بار ریڈ الرٹ   کے دوران  واقعی میں زبردست بارش کا سلسلہ جاری ہے ۔ ویسے تو  بارش کی پیمائش  آج صبح آٹھ بجے سے کل صبح آٹھ بجے تک کی ہوتی ہے اورآج کی بارش کی پیمائش منگل صبح آٹھ بجے ہی  ڈکلیر کی جاتی ہے ، مگر صبح سے شام تک  جس طرح کی بارش ہورہی ہے، اُسے دیکھتے ہوئے    ایک محتاط اندازے کے مطابق  200 ایم ایم بارش ہونے  کا امکان ہے۔

بھٹکل اور اُترکنڑا کے ساتھ ساتھ پڑوسی اضلاع اُڈپی، دکشن کنڑا ، کورگ اور شموگہ میں بھی  زبردست بارش ہونے کی خبریں ہیں، ساتھ ساتھ پڑوسی ریاست کیرالہ  کے ساحلی اضلاع میں بھی   موسلادھار بارش ہونے کی اطلاعات ہیں اور وہاں پر بھی اسکولوں اور پی یو کالجوں میں چھٹی ڈکلیر کی گئی ہے۔


Share: